تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
7 نومبر 2013
وقت اشاعت: 8:19

کراچی: ایک بارپھر مکانوں اور پلاٹوں کی قیمتیں بڑھنے کا رحجان

جیو نیوز - کراچی…کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر مکانوں اور پلاٹوں کی قیمتیں بڑھنے کا رحجان دیکھا جا رہا ہے۔ملک کے سب سے بڑے شہر میں گھروں کی طلب میں اضافہ مختلف علاقوں میں قیمتوں کے حوالے سے متفرق رحجانات کا سبب بن رہا ہے، کچھ علاقوں یعنی ڈیفنس، ملیر کینٹ ، پی ای سی ایچ ایس، نارتھ کراچی اور دیگر جگہوں پر قیمتیں بڑھ رہی ہیں جبکہ کچھ جگہوں پر قیمت کم ہوئی ہے۔ قیمتو ں میں اضافے کی وجوہات میں امن و امان، مستقبل کے سیکورٹی خدشات، سٹہ اور مکانوں کی طلب میں اضافہ سب شامل ہیں۔ شہر کی پراپرٹی مارکیٹ ذرائع کے حوالے سے قیمت میں تبدیلی کا صرف ایک سال کا جائزہ لیا جائے تو قیمتوں میں خاصی تبدیلیاں دکھائی دیں گی۔مثال کے طور پر سیکٹر گیارہ اے نارتھ کراچی میں ایک کارنر 240 گز مکان کی قیمت نوے لاکھ روپے تھی جو اب سوا کروڑ روپے ہو گئی ہے۔پی ای سی ایچ ایس بلاک دو میں 240 گز کا مکان ایک سال قبل سوا دو کروڑتھا جو اب 3 کروڑ سے متجاوز ہو چکا ہے۔ کچھ افراد کے مطابق جب مجموعی امن امان خراب ہے ، ماس ٹرانزٹ اسکیم کا دور دور تک پتہ نہیں اور ترقیاتی کام نہیں ہو رہے تو مختلف علاقوں میں قیمتیں بڑھنے کا رحجان شبہے سے بھرپور ہے؟؟؟ ایسے افراد موجودہ مارکیٹ کو سٹے بازی کا شاخسانہ سمجھتے ہیں، چند رئیل اسٹیٹ ماہرین کے مطابق مستقبل کے بڑے معروف ناموں کے منصوبوں کے حوالے سے سٹے بازی ہو رہی ہے۔ڈیفنس کے فیز6 میں ایک سال قبل پانچ سو گز ساڑھے تین کروڑ کے قریب جواب ساڑھے چار کروڑ کا ہو گیا ہے۔ کلفٹن بلاک ٹو میں پانچ سو گز کا پلاٹ اگر دو کروڑ کا تھا تو اب تین کروڑ کا ہو گیا ہے، ایک سال قبل گز مکان کی قیمت کروڑ روپے تھی جو اب بڑھ کر کروڑ روپے ہو گئی ہے۔ملیر کینٹ میں ایک 500 گز کا بنگلہ روپے سے بڑھ کر روپے ہو گیا ہے جبکہ کمپاوٴنڈ رہائشی علاقوں کی قیمت میں بھی اضافے کا رحجان ہے۔ عسکری فور میں ایک سال قبل چار سو گز کا بنگلا ایک کروڑ ستر لاکھ کے لگ بھگ تھا جو اب بڑھ کر دو کروڑ بیس لاکھ تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔اسکیم 33 میں پلاٹس کی قیمتیں کچھ جگہوں پر بڑھی ہیں لیکن زیادہ تر قیمتیں مستحکم ہیں اور اس کی وجہ زمینوں پر قبضے کے خدشات ہیں۔گلشن رومی میں پلاٹ 400 گز، ایک سال قبل 27 لاکھ ، اس وقت 36 لاکھ ہو گئی ہے۔ جہاں مختلف جگہوں خصوصا زیادہ محفوظ علاقوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے وہیں قیمتیں کم بھی ہو رہی ہیں۔ہاکس بے میں چار سو گز کا پلاٹ ایک سال قبل ساڑھے چار لاکھ روپے تھا جو اب اور اب سوا تین لاکھ روپے رہ گیا ہے۔ جاوید بحریہ سوسائٹی نزد ہاکس بے سوا کرو ڑ روپے کا چار سو گز مکا ن کی قیمت نوے لاکھ رہ گئی ہے۔کھارادر میں بیس لاکھ روپے فلیٹ کی قیمت اب تیرہ لاکھ کے لگھ بھگ رہ گئی ہے۔گو کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ مکانوں کی قیمت میں اضافہ ہونا قدرتی امر ہے لیکن کچھ جگہوں پر سٹے کے شبہات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں اور ایسے مقامات پر قیمتوں میں کمی بھی ہو سکتی ہے۔ مخصوص علاقوں کے علاوہ تمام سہولتوں سے آراستہ علاقوں میں قیمتیں 20فیصد کے حساب سے بڑھنے کی اطلاعات ہیں ،تاہم یہ سمجھنا کہ پورے شہر میں یہ صورتحال ہے صحیح بات نہ ہو گی۔06-2005ء کے برخلاف اس مرتبہ قیمتوں میں اضافہ سیکیورٹی صورتحال اور مستقبل کے خدشات اور آبادی کے اکائیوں کے فرق کے وجہ سے بھی ہو رہی ہیں۔صرف امن و امان کے خدشات اور آبادی کا فرق ہی نہیں زیادہ لوڈ شیڈنگ والے علاقے بھی کم پر کشش ہو گئے ہیں اور خریدار لوڈ شیڈنگ کے اعتبار سے قیمت کم آفر کر رہے ہیں۔ ماہرین سمجھتے ہیں کہ اگر امن وامان کے ساتھ لوڈ شیڈنگ میں بہتری آئے تو شہر کے کچھ علاقوں میں قیمتیں بڑھنے کا رحجان باقی شہر کیلئے بھی ہو سکتا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.