20 نومبر 2013
وقت اشاعت: 10:39
آلو دستی بم بن گیا، قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں
جیو نیوز - اسلام آباد…ملک بھر میں آلو کی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی،اسلام آباد میں فی کلو 105 روپے، پشاور میں 100 اور کراچی میں 90 روپے تک جاپہنچا۔ ابھی عوام ٹماٹر کے بوجھ سے نجات نہیں پاسکے تھے کہ ان پر آلو دستی بم بن کر آپڑا۔جی ہاں سبزیوں میں سستا ترین،غریبوں کا کھاجا، آلو بھی اب عوام کی پہنچ سے دور ہوگیا ہے۔ اسلام آباد میں آلو 25 روپے اضافے سے 105 روپے کلو، پشاور میں 100 روپے،کراچی میں 90 روپے، لاہور میں 85 روپے، کوئٹہ کے خوش نصیب صارف آلو 50 روپے کلو کے حساب سے خرید رہے ہیں۔سبزی منڈی کے آڑھتیوں کے مطابق پنجاب سے نئی فصل مارکیٹ میں وقت پر نہ آنے اور پرانااسٹاک ختم ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں آلو کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر دیکھی جارہی ہیں۔