تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
20 نومبر 2013
وقت اشاعت: 13:20

کراچی کے گھریلو صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ

جیو نیوز - اسلام آباد…ملک کے دیگرحصوں میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب کراچی کے صارفین کی باری آنے والی ہے، نیپرا نے کراچی کے گھریلو صارفین کے لئے بھی بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کر لیا ، فی یونٹ بجلی ڈھائی روپے سے چار روپے تک مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔نیپرا ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کے لئے کے ای ایس سی کی درخواست کی سماعت مکمل ہوچکی ہے۔ کے ای ایس سی کے صارفین کے لئے بھی بجلی کے نرخوں میں اتنا ہی اضافہ کیا جائے گا جتنا اکتوبر سے ملک بھر کی دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کے لئے کیا گیا تھا اور اس اضافے کا اطلاق بھی اکتوبر سے ہی ہو گا۔ ذرائع کے مطابق ماہانہ 201سے 300یونٹ تک کے استعمال پر فی یونٹ بجلی 3روپے98پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ ماہانہ 301سے 700یونٹ تک کے استعمال پر فی یونٹ 3روپے 67 پیسے جبکہ 700 یونٹ سے زائد استعمال پر فی یونٹ 2روپے 93 پیسے اضافے کیا جائے گا۔ نیپرا کی طرف سے قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فی کیشن ایک ہفتے میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.