21 نومبر 2013
وقت اشاعت: 18:40
ہڑتال ختم ہوئے 4روز گزرگئے، کراچی پورٹ پر 15 ہزار کنٹینرکلیئرنس کے منتظر
جیو نیوز - کراچی …گڈز اینڈ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے جہاں ملکی تجارت مکمل معطل ہوچکی تھی وہیں کراچی پورٹ پر دن رات کام جاری رہنے کے باوجود پھنسے ہوئے درآمد ی اور برآمدی کنٹینرز اپنی منزلوں تک نہ پہنچ سکے۔گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم ہوئے 4دن گزر جانے کے باوجود ہزاروں کنٹینرز اب بھی بندرگاہوں پر پھنسے ہیں جن کے کلیئر ہونے میں مزید تین روز لگ سکتے ہیں۔ صدر کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن افتخار احمد شیخ کے مطابق کنٹینرز کلیئر کرنے کا کام دن رات جاری ہے اور گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم ہونے کے بعد سے 20 ہزار کنٹینرز کلیئر کیے جاچکے ہیں۔ اب بھی بندرگاہوں پر 15ہزار کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں جن کی کلیئرنس میں مزید دو سے تین روز لگ سکتے ہیں۔ تاجروں کے مطابق اب ابھی ٹیکسٹائل مصنوعات سمیت پیاز اور دیگر اشیا کے برآمدی جبکہ امپورٹ کی گئی ادرک کے علاوہ دیگر اشیاء کے درآمدی کنٹینرز بھی پورٹ پر پھنسے ہیں۔