تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
9 دسمبر 2013
وقت اشاعت: 22:11

جامشورو: کوئلے سے چلنے والے دو پلانٹس کی تعمیر،اے ڈی بی 90 کروڑ ڈالرز دیگا

جیو نیوز - جامشورو…ایشیائی ترقیاتی بینک نے جام شورو میں کوئلے سے چلنے والے دو پلانٹس کی تعمیر کے لیے 90 کروڑ ڈالرز قرضہ فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے، منصوبے پر کل لاگت ایک ارب بیس کروڑ ڈالرز آئے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے کے مطابق جامشورو پاور پلانٹ کے لیے قرضہ فراہم کرنے کا فیصلہ بینک کے بورڈ نے کیا۔ جامشورو پاور پلانٹ کے دو پلانٹس میں سے ایک کو اپ گریڈ کیا جائے گا،جبکہ دوسرے کو مکمل طور پر تھرمل سے کوئلے پر منتقل کیا جائے گا، منصوبے پر کل لاگت ایک ارب بیس کروڑ ڈالرز آئے گی، جس کے لیے حکومت پاکستان تیس کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی اور ایشیائی ترقیاتی بینک 90 کروڑ ڈالرز کا قرضہ فراہم کرے گا۔ جام شورو میں کوئلے سے چلنے والے پلانٹ سے ملکی گرڈ میں تیرہ سو بیس میگاواٹ یومیہ بجلی شامل ہوسکے گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے قرضے کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قرضے کی منظوری اس لیے اور بھی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ترقی یافتہ ملک کوئلے سے بجلی کی پیداوار کی مخالفت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے خزانہ اور پانی و بجلی کی وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ معاہدے پر تیزی سے عمل درآمد کرائیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ جام شورو پلانٹ پر کام شروع ہونے سے گڈانی پاور پارک کے قیام اور اس کے لیے فائنانسنگ کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.