10 دسمبر 2013
وقت اشاعت: 8:24
جاپان میں مقیم پاکستانی بزنس مین کی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش
جیو نیوز - ٹوکیو…عرفان صدیقی …جاپان میں مقیم پاکستانی بزنس مین نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں انفرادی طور پر 2 سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشکش جاپان میں مقیم معروف کاروباری شخصیت چوہدری آصف محمود نے جاپان کے دورے پر آئے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ملاقات کے موقع پرکی۔ چوہدری آصف محمود نے احسن اقبال کو بتایا کہ انکی کمپنی جاپان سمیت برازیل ، اور فلپائن میں ونڈ پاور کے شعبے سیکڑوں ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرکے کئی سو میگا واٹ کے منصوبے کامیابی سے چلا رہی ہے، اگر حکومت پاکستان چاہے تو وہ صرف چھ ماہ کے اندر ڈیڑھ سو سے دوسو میگا واٹ کا منصوبہ مکمل کرکے نیشنل گرڈ میں دو سو میگاواٹ تک بجلی سپلائی کرسکتے ہیں۔ چوہدری آصف نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کے لئے حکومت پاکستان بجلی تیار کرنے کے شعبے میں ان کے ساتھ پچاس فیصد تک مشترکہ سرمایہ کاری کرے تاکہ ان کے سرمائے کو تحفظ حاصل ہوسکے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے چوہدری آصف محمود کے منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ منصوبہ اپنے ساتھ پاکستان لے کر جارہے ہیں جہاں اس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور کوشش کی جائے گی کہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر احسن اقبال گزشتہ روز اپنا جاپان کا دورہ مکمل کرکے پاکستان روانہ ہوچکے ہیں۔