31 دسمبر 2013
وقت اشاعت: 15:10
پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سفارش مسترد
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔ نئے سال کے پہلے ماہ میں پیٹرول کی قیمت جوں کی توں رہے گی۔ 2014ء کی پہلی خوش خبری، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ نہ کر کے قوم کو نئے سال کا تحفہ دے دیا۔ وزیر اعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کرکے وزارت پٹرولیم کو بھیجی تھی۔ یہ سمری وزیراعظم نواز شریف تک پہنچی تو انہوں نے مسترد کردی۔ اس طرح سال کے پہلے مہینے پٹرولیم مصنوعات پرانی قیمتوں پر ہی دستیاب ہوں گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق پٹرول اور ڈیزل مہنگا نہ کرنے سے حکومت کو 5 ارب 35 کروڑ روپے کی سبسڈ ی دینی پڑے گی۔ اوگرا نے پٹرول 2 روپے 91 پیسے اور ڈیزل 2 روپے 63 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی تھی۔ اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل ، ہائی اوکٹین اور مٹی کے تیل کی قیمت بھی بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی۔