28 اگست 2012
وقت اشاعت: 5:13
برسات کے دوران جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے وبائی امرض کا خدشہ
اسلام آباد … طبی ماہرین نے کہا ہے کہ برسات کے دوران جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے ملیریا، ٹائیفائیڈ، پیٹ کے امراض اور بخار کے علاوہ دیگر امرض جسم میں کھچاؤ، درد اور گیسٹرو کے ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اس موسم میں صفائی کا خصوصی خیال رکھنا چاہئے۔ رہائشی کمروں کو زیادہ وقت تک کھلا رکھنا ضروری ہے جبکہ کھانا ہمیشہ تازہ پکا ہوا کھانا چاہئے اور پانی ہمیشہ ابال کر پینے کی عدالت ڈالنی چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ بیماریوں سے بچا جاسکے۔ اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شبانہ اویس ماہر امراض نے کہا کہ موسم برسات میں بیماریوں سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تو بہت حد تک بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ پانی ہمیشہ ابال کر پینا چاہئے خاص طور پر مچھروں سے بچنے کیلئے مچھر دانی کا استعمال ضروری ہے کیونکہ زیادہ بیماریوں کے پھیلنے کی وجہ مچھروں کی بہتات ہے جوکہ جگہ جگہ کھڑے پانی کے باعث اپنی افزائش کرتے ہیں۔ اور بیماریاں پھیلانے کی سب سے بڑی وجہ ہیں موسم برسات میں وبائی امرض سے بچنے کیلئے احتیاط ضروری ہے اور تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ان بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔