30 اگست 2012
وقت اشاعت: 15:5
جسمانی سزا بچوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہے، تحقیق
اونتاریو…کینیڈا میں طبی ماہرین نے گزشتہ 20 برس کی تحقیق سے یہ بات واضح کی ہے کہ بچوں کو جسمانی سزا دینا انہیں مستقبل میں ترقی کرنے کی راہ میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔ تحقیق کے مطابق بچوں کی جسمانی سزا ان کی نشوونما پر تو اثر انداز ہوتی ہی ہے، ساتھ میں انہیں زیادہ جارح مزاج بھی بنا دیتی ہے جو کہ انہیں معاشرے کیخلاف رویہ اپنانے پر مجبور کرتی ہے۔ یونیورسٹی آف مینی ٹوبا کے ڈپارٹمنٹ آف فیملی سوشل سائنسز کے ڈاکٹر جان ڈرنٹ اور مشرقی اونتاریو کے چلڈرن اسپتال کے ڈاکٹر ران اینسم کے مطابق بچوں کی جسمانی سزا انہیں ان کے والدین، دوست احباب اور عام لوگوں کیخلاف جارح مزاج بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے لہٰذا انہوں نے والدین کو بچوں کو جسمانی سزا کو ترک کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جسمانی سزا بعض دماغی بیماریوں کا بھی باعث بنتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی جسمانی سزا انہیں بے راہ روی، منشیات نوشی اور شراب نوشی کا سبب بن کر ان کے مستقبل کو تباہ و برباد کر دیتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق فزیشن اس معاملے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ والدین کو مثبت رویہ اپنانے اور بچوں کو جسمانی سزا نہ دینے کی طرف راغب کریں۔