19 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 6:42
سندھ : سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹ پڑیں
کراچی…اندرون سندھ میں بارشوں سے متاثرہ چھ اضلاع میں سو سے زائد سرکاری اسپتال اور محکمہ صحت کے دفاتر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، متاثرہ اضلاع میں پیٹ ، جلد، ملیریا اور سینے کے امراض پھیل رہے ہیں۔محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں میں سکھر ،شکار پور جیک آباد ،گھوٹکی ، کشمور ، قمبر میں کئی دن گزرجانے کے باوجود بارش کے پانی کی نکاسی نہیں کی جاسکی ہے۔ جس کے باعث پیٹ ،ملیریا ، سینے اور جلدکے امراض پھیل رہے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے متاثرہ اضلاع میں 90 میڈیکل کیمپوں میں اب تک ساٹھ ہزار مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔سو سیزائد سرکاری اسپتال اور دفاتر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔جن میں ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال، 51 بنیادی صحت کے مراکز ، 20 ڈسپنسریاں ، 6 تعلقہ اسپتال، 20 سے زائد دیہی صحت کے مراکز شامل ہیں۔