2 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 8:29
تھیلی سیمیا کے مرض کیلئے پاکستان میں نئی دوا تیار، عالمی سطح پر تسلیم کر لیا گیا
پشاور… خونی امراض کے قومی مرکز نے تھیلی سیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کے لئے نئی دوا تیار کر لی ہے، دوا کے استعمال کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے کہ تھیلی سیمیا کے مرض میں مبتلا افراد کو افاقہ ہو گا،تھیلی سیمیا خون کا ایک مہلک مرض ہے جس کے باعث مریض کو سات سے پندرہ دنوں میں خون کی ضرورت پڑتی ہے۔بچوں کو خون کے اس مہلک مرض سے نجات دلانے کیلئے خونی امراض کے قومی مرکز نے نئی دوا تیار کر لی ہے۔جس کے استعمال سے ابتدائی مرحلے میں اس موذی مرض پر قابو پایا لیا جائے گا۔قومی مرکز امراض خون کے مطابق تھیلی سیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کیلئے تیار کی جانے والی نئی دوا ہائیڈرو آکسی یو ریا کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔ سوسائٹی آف ہیماٹالوجی امریکا سمیت تین بین الاقوامی اداروں نے اس دوا کی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق پاکستان میں اب تک 152 مریضوں کو دوا دی گئی ہے۔جس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق دس سال کی تحقیق کے بعد تیار کی جانے والی دوا کے بروقت استعمال سے تھیلی سیمیا کے مرض پر قابو پانے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔تھیلی سیمیا کے مریضوں کیلئے نئی دوا کی تشیخص اس مرض میں مبتلا بچوں کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے انہیں امید ہے کہ ایک دن وہ بھی اس مرض سے نجات حاسل کریں ۔