23 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 21:19
موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ناک ، کان اور گلے کی بیماریوں میں اضافہ
کراچی…شبانہ شفیق… موسم گرما کی رخصتی اور موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی ناک ، کان اور گلے کی بیماریوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور تمام عمر کے افراد مذکورہ امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ فزیشنز اور ای این ٹی کے ماہرین بالخصوص امراض سینہ کے مطابق خشک موسم اور بے جا آلودگی سمیت ٹھنڈے پانی اور چٹ پٹی چیزوں کے استعمال سے ناک ، کان ، گلے کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ ان بیماریوں کا شکار چھوٹے بچے اور بوڑھے زیادہ ہوتے ہیں، لہذا والدین کو بچوں کے معاملے میں انتہائی محتاط طرزعمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ بچے ، بوڑھے ، جوان مرد و خواتین فوری طور پر ٹھنڈے پانی ، کولڈ ڈرنکس ، کھٹے مشروبات ، چٹ پٹی و تلی ہوئی اشیاء ، غیر معیاری بناسپتی گھی وغیرہ کے استعمال سے گریز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نزلہ اور زکام کی صورت میں گرم پانی کے غرارے اور گرم مشروبات کاا ستعمال بھی مفید ہوتا ہے۔ناک ، کان ، گلے ، کھانسی ، نزلہ ، زکام ، بخار کی صورت میں گھریلو ٹوٹکوں کی بجائے فوری طور پر اچھے و مستند معالج سے رابطہ کیا جائے تاکہ مرض کا بر وقت علاج ممکن ہو سکے۔