18 جولائی 2014
وقت اشاعت: 11:4
بالی وڈکے چاکلیٹی ہیروراجیش کھنہ کو مداحوں سے بچھڑے دو برس بیت گئے
جیو نیوز - ممبئی ....این جی ٹی .....70کی دہائی میں بالی وڈ فلموں میں اپنے کردار کو منفرد انداز سے لازوال بنانے والے رومانٹک ہیرو راجیش کھنہ کوکو اپنے مداحوں سے بچھڑے دو برس بیت گئے ہیں۔60کے عشرے کے آخر میں فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے عظیم اداکار مشرقی پنجاب کے شہر امرتسر میں 29دسمبر1942میں پیدا ہوئے جن کا اصل نام جیتن کھنہ تھا۔ اپنی ابتدائی فلموں ’بہاروں کے سپنے‘،راز اور ’عورت‘ سے ہی انہیں ملک گیر شہرت حاصل ہوگئی اور اس کے بعد وہ1991 میں فلمی دنیا چھوڑنے تک سینما اسکرین پر چھا ئے رہے۔ فلم ’خاموشی‘ میں ان کے کردار کو بے حد سراہا گیا اور نقادوں نے بھی انہیں بھارتی سینما اور ہندی فلموں کا پہلا سپر اسٹار قرار دے دیا۔ انہوں نے1973 میںاداکارہ ڈمپل کپاڈیا سے شادی کی جن سے ان کی دو بیٹیاں ٹوئنکل کھنہ اور رنکل کھنہ ہیں تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور 1984 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ راجیش کھنہ نے فلمی دنیا چھوڑ کر سیاست کا آغاز کیا اور کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئے اور رکن پارلیمنٹ بھی منتخب ہوئے۔بالی وڈ فلموں میں کامیابی کی ضمانت تسلیم کئے جانیوالے سپرسٹار راجیش کھنہ خود تو 69 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہو گئے تاہم ان کا بے مثال فن صدیوں بعد تک ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہے گا۔