تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
18 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 15:49

کون بنے گی دنیا کی حسین ترین لڑکی.....؟

جیو نیوز - کراچی......ساگر سہندڑو......مس ورلڈ کا اعزاز حاصل کرنے کیلئے چین کے شہرسانیا میں دنیا بھر کی حسین ترین لڑکیوں کا میلہ سجا ہے۔ حسین ترین لڑکی کا اعزاز کس کے سر سجے گا اس کا فیصلہ آنے والے کچھ گھنٹوں میں ہوجائے گا۔

دنیا کے 65 ویں مس ورلڈ کے مقابلوں کا آغاز گزشتہ مہینے سے ہوا تھا جس کا فائنل کل چینی شہر سانیا میں ہوگا۔ مقابلے میں دنیا بھر کی 110 حسینائیں شرکت کر رہی ہیں جس میں 21 سے زائد پروگرامات منعقد کئے جانے ہیں جن میں سے 18مقابلے ہوچکے ہیں۔

بھارتی اخبار انٹرنیشنل بزنس ٹائمز کے مطابق مس برازیل کیتھرینا چوئے، مس فلپائن ہلینی پرنگائو، مس ویتنام ترن نگوک، مس آسٹریلیازیس الیگزینڈرا اورمس انڈیا ادتی آریا کے درمیان مس انڈیا کے تاج کیلئے سخت مقابلے کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

ذہانت، اسپورٹس، ملٹی میڈیا، جسمانی صحت اور ماڈلنگ کے ناز و انداز کے مقابلوں کے بعد دنیا کی حسین ترین لڑکی کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ مس ورلڈ کے شو کو دنیا بھر کے 50سے زائد ممالک میں براہ راست نشر کیا جائے گا جبکہ اس حوالے سے آرگنائزیشن نے خصوصی ایپ بھی متعارف کرائی ہے۔

مس ورلڈ آرگنائزیشن کے مطابق اس وقت تک مختلف مراحل میں مقابلہ جیتنے والی حسینائوں میں کیمرون، اکواڈور، فرانس، بھارت، لبنان، فلپائن،روس، تھائی لینڈ، وینزویلا اور ویتنام کی حسینائیں شامل ہیں لیکن مس ورلڈ 2015 ءکا تاج کس کے سر سجے گا فی الحال کہنا مشکل ہوگا۔

مس ورلڈ 2014 ءکا اعزاز جنوبی افریقی حسینہ رولینا اسٹراس نے حاصل کیا تھا جب کہ 2013 ءمیں فلپائنی میگن ینگ کو دنیا کی حسین ترین لڑکی کا تاج پہنایا گیا تھا۔

اس برس کی 10حسین ترین لڑکیوں میں جنوبی افریقی لڑکی شامل نہیں ہوپائی ہے جبکہ فلپائنی لڑکی ہلینی پرنگائو ٹاپ ٹین حسینائوں میں شامل ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.