11 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:32
بول بچن کی کامیابی سے ابھیشک پر تنقید کرنے والوں کی چھٹی
جیو نیوز - ممبئی… بالی ووڈ اسٹار ابھیشک بچن کی محنت بالآخر رنگ لے ہی آئی اوربول بچن کی باکس آفس پر شاندار کامیابی نے ان کی ناکامیوں کے داغ دھو ڈالے۔ابھیشک کہتے ہیں کامیابی کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے کڑی محنت کریں گے۔ابھیشک بچن بالی ووڈ کے ان اداکاروں میں سے ہیں جن پر کامیابی کی دیوی ہمیشہ مہربان نہیں رہی۔کچھ سالوں سے ان کا ستارہ گردش میں رہا۔ تین سالوں میں جونئیر بچن نے کیا پانچ بڑی فلموں میں کام لیکن ساری کی ساری ہوئیں ناکام اور ان پر لگائے گئے کروڑوں روپے ڈوب گئے ۔ بڑے بینر کی فلم ہو یا بڑے پروڈیوسر کی۔باکس آفس پر کوئی بھی ابھیشک کے کرئیر کی گاڑی نہ کھینچ سکی۔ لیکن بالآخر ابھیشک پر چھائے ناکامی کے بادل چھٹ گئے ہیں۔اور بول بچن کا باکس آفس پر ایسا بول بالا ہوا کہ ان پر تنقید کرنیوالوں کی چھٹی ہوگئی۔