4 مارچ 2014
وقت اشاعت: 18:2
بھارت کیخلاف کامیابی کے بعد کپتان کو مجھ پر زیادہ بھروسا ہوگیا:شاہد آفریدی
جیو نیوز - ڈھاکا…ایشیا کپ کے آج کے میچ میں 25بالز پر 7چھکوں کی مدد سے 59 رنز اسکور کر کے مین آف دی میچ قرار پانے والے شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ میچ کی صورتحال میرے مزاج کے مطابق تھی، بھارت کے خلاف کامیابی کے بعد کپتان کو مجھ پر زیادہ بھروسا ہوگیا تھا۔ شاہدآفریدی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے کوچنگ سے زیادہ اعتمادکی ضرورت ہے۔ میچ میں احمدشہزاد 103رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ 70گیندوں پر74رنز اسکور کرنے والے فوادعالم کا کہنا ہے کہ اس وکٹ پر 327رنز کا تعاقب کرنا مشکل نہیں تھا، میرا ہدف آخر تک کھیلنا تھا، ہمیں معلوم تھا کہ اس وکٹ پر 10رنز فی اوورز بن سکتے ہیں۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ جب آفریدی فارم میں ہوں تو انہیں روکنا مشکل ہے، بنگلادیش میں بہت کرکٹ کھیلی ہے، جانتے تھے کہ آخری اوورز میں رنز بنیں گے۔ بنگلادیش ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم نے کہا کہ شاہدآفریدی کا کیچ ڈراپ کرنا مہنگا پڑا۔ واضح رہے کہ ایشیاکپ کا فائنل 8مارچ کوپاکستان اورسری لنکا کے درمیان ہوگا۔