8 مئی 2014
وقت اشاعت: 21:9
جن کا ماضی داغدار ہے انھیں پی سی بی میں عزت دی جارہی ہے،محسن خان
جیو نیوز - کراچی… پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اپنے عہد کے اسٹائلش اوپننگ بیٹسمین محسن خان نے کہا ہے کہ جن کرکٹرز کا ماضی داغدار ہے، انھیں پی سی بی میں عزت دی جارہی ہے،اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو میں وزیراعظم سے بھی رابطہ کرونگا اور عدالت بھی جاؤنگا،انھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کی شام پریس کانفرنس کے دوران کیا۔واضح رہے کہ سابق کوچ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کے امیدوار تھے ، تاہم پی سی بی نے انھیں نظر انداز کرکے سابق کوچ اور فاسٹ بولر وقار یونس کو یہ ذمہ دار ی سونپی ہے۔محسن حسن خان نے پریس کانفرنس کے دوران مختلف سوالات کے جواب میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تقرری کے وقت ان ضوابط کو مد نظر نہیں رکھا جس کا انہوں نے اعلان کیا تھا۔محسن خان نے وقار یونس کا نام لئے بغیر جسٹس قیوم کی رپورٹ کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ان کرکٹرز کو پی سی بی میں عزت دی جارہی ہے جن کا ماضی داغدار ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ جلد وزیر اعظم نواز شریف سے رابطہ کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو انصاف کے حصول کیلئے عدالت بھی جائیں گے۔