30 جون 2014
وقت اشاعت: 5:28
بھارت کے ساتھ دوطرفہ سیریز طے پاگئی؛ نجم سیٹھی
جیو نیوز - لاہور...... چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہاہے کہ آئی سی سی کے5ارکان پرمشتمل ایگزیکٹیو کمیٹی بن گئی ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے، بھارت کے ساتھ دوطرفہ سیریز طے پاگئی ہے، جلد محمد عامر کا معاملہ بھی حل ہوجائے گا۔ چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی آسٹریلیا میں آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد پاکستان کے لیے خوشخبریاں لیتے ہوئے آئے۔ لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بگ تھری اب بگ فائیو ہوگیا ہے۔ پی سی بی کودیوالیہ ہونےسےبچانےکےلیےسخت محنت کی ہے۔ اگلےسال آئی سی سی کی صدارت پاکستان کومل جائےگی۔محمد عامر کے حوالے سے چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے قانون کی تبدیلی کے لیے 3رکنی کمیٹی بنائی تھی جس نےاپنی رپورٹ دےدی ہے،محمدعامرکو اگلےسال تک ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنےکی اجازت مل جائےگی۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ دوطرفہ سیریز کھیلنے پر اتفاق ہوگیا ہے اور ڈرافٹ ایگریمنٹ بھارتی کرکٹ بورڈکودےدیاگیاہے۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ نے کہا کہ آئر لینڈ کی ٹیم پاکستان آکر کھیلنے پر تیار تھی، مگر کراچی ایر پورٹ پر حملے کی وجہ سے دورہ منسوخ کر نا پڑا۔ ملک میں حالات بہتر نہ ہوئے تو کوئی کھیلنے نہیں آئے گا۔