30 جولائی 2014
وقت اشاعت: 16:5
کامن ویلتھ گیمز :قمر عباس نے ریسلنگ میں سلور میڈل حاصل کرلیا
جیو نیوز - گلاسگو......کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے ایک اور چاندی کا تمغہ حاصل کرلیا۔ قمر عباس نے ریسلنگ میں سلور میڈل حاصل کرکے عید کا تحفہ دیا، جس کے بعد کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد 4ہوگئی۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ریسلرز نے ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر عید کا تحفہ دیا ہے۔74کلو گرام میں پاکستان کے قمر عباس نے تین غیر ملکی ریسلرز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جہاں ان کا مقابلہ بھارت کے سیسہل کمار سے ہوا۔گولڈ میڈل کے حصول کیلئے دونوں ریسلرز کے درمیان طاقت کا زبردست مقابلہ ہوا لیکن فتح بھارتی ریسلر کے حصہ میں آئی۔ یوں قمر عباس نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا یہ دوسرا چاندی کا میڈل ہے۔پاکستان کے ایک اور ریسلر اظہر حسین نے بھی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرکے کانسی کا تمغے کو یقینی بنایا لیکن سیمی فائنل میں بھارتی رسیلر امیت کمار سے ہار گئے۔پاکستان کا ایک اور کانسی کا تمغہ باکسنگ کے کھیل میں یقینی ہوا جب پاکستانی باکسر محمد وسیم نے کواٹر فائنل میں لیستھو کے باکسرکو شکست دی۔ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ جمعرات کو گھانا کے باکسر سے ہوگا،کامن ویلتھ گیزم میں چھ روز مکمل ہونے کے بعد پاکستان کے دو چاندی اور دو کانسی کے تمغے حاصل کرچکا ہے۔دیگر کھیلوں کی بات کی جائے تو بیڈمنٹن میں پاکستان کی پلوشہ بشیر اور عرفان بھٹی نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے راؤنڈ 32کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ٹیبل ٹینس میں عبیرا شیخ اور فروا بابر نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ سوئمنگ میں پاکستان کے ناصر احمد 200میٹر انفرادی مڈلے میں 24ویں نمبر پر رہے۔