تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
11 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 12:0

سعید اجمل بولنگ ایکشن: بائیو مکینکس لیب کھنڈر کا منظر پیش کررہی ہے

جیو نیوز - لاہور......سعید اجمل کا باولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو بائیو مکینکس لیبارٹری کے قیام کا خیال ایک بار پھر آگیا ہے ۔ چھ برس پہلے منگوایا جانے والا کروڑوں روپے کا سامان ڈبوں میں بند پڑا ہے تو زیر تعمیر عمارت اب کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہے ۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں دنیا کی جدید ترین بائیو مکینکس لیب کے قیام کے لیئے نومبر 2007 میں پیشکشیں طلب کی گئیں ۔ 2008 کے وسط میں لگ بھگ 44ملین روپے کا سازو سامان بھی آگیا ۔ تجرباتی طور پر غیر ملکی ماہرین کی نگرانی میں ابتدائی کام شروع کیا گیا ۔اس وقت اسے ایشیا کی پہلی اور دنیا کی سب سے بڑی لیب قرار دیا گیا ۔ لیب کے لیئے وائی کون سافٹ وئیر لیا گیا جسے بائیو مکیلنکل تجزیئے کے لیئے دنیا کا بہترین سسٹم قرار دیا گیا ۔نسیم اشرف کے دور میں شروع کیئے جانے والے منصوبے کو 2008 کے اواخر میں مکمل ہونا تھا ۔ پریکٹس ایریا میں عمارت بنائی جانے لگی ۔ایسے میں اعجاز بٹ کا دور شروع ہو گیا اور انہوں نے مالی بے ضابطگیوں کی وجہ سے منصوبے کو روک دیا ۔ تین برس چیئرمین کے عہدے پر برقرار رہے لیکن انہیں اس اہم منصوبے کا خیال نہ آیا۔ ذکاء اشرف کی ترجیحات میں بھی یہ منصوبہ شامل نہیں تھا جبکہ نجم سیٹھی کو عدالتی معاملات کی وجہ سے مہلت نہ مل سکی اور اب یہ عمارت کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہے ۔سعید اجمل کا باولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد بورڈ کی آنکھیں کھلیں تو انہوں نے جلد از جلد اس لیب کو مکمل کرنے کا دعوی کیا ہے ۔بورڈ کے چیئرمین خود تسلیم کر رہے ہیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں غیر قانونی باولنگ ایکشن والے بالروں کی تعداد 35 ہو چکی ہے۔ اگر اس کروڑوں روپے کے منصوبے کو روکا نہ جاتا تو شاید سعید اجمل کو پابندی کا سامنا نہ کرنا پڑ تا کیونکہ اس جدید ترین لیبارٹری میں تجزیئے کے بعد باولروں کے ایکشن کو قانون کے دائرے میں رکھاجانا ممکن تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.