4 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 18:48
پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز کا واحد ٹی 20 معرکہ کل دبئی میں ہوگا
جیو نیوز - دبئی...... پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کل دبئی میں کھیلا جائےگا،میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کو دھچکا ، آل راؤنڈر محمد حفیظ کے حوالے سے لگا ہے جو زخمی ہوگئے ہیں، میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ سیریز کا آغاز کل واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہورہا ہے،پاکستانی کپتان شاہد آفریدی پر امید ہیں کہ وہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ جیت لیں گے۔ میڈیا سےگفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کی غیر موجودگی مایوس کن ضرور ہےلیکن رضا حسن کی صورت میں انہیں ایک اچھا اسپنر مل گیا ہے،وہ یقینا پاکستان کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے،ٹیم میں باصلاحیت فاسٹ بولر ہیں،اچھا کامبی نیشن رہے گا۔ دوسری جانب پاکستان کے لئے ایک بری خبر محمد حفیظ کی صورت میں آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فیلڈنگ کے دوران محمدحفیظ کے ہاتھ میں گیند لگ گئی جس پر کئی ٹانکے بھی آئے ہیں۔ امکان ہے کہ محمد حفیظ اتوارکو آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے ٹی 20 میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے جبکہ ان کی ون ڈے سیریز میں شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔ محمد حفیظ کی جگہ ذوالفقار بابر یا سمیع اسلم کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔