29 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 14:59
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل ابوظہی میں شروع ہوگا
جیو نیوز - ابوظہبی ......پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل سے ابوظہبی میں شروع ہورہا ہے، گرین شرٹس سیریز جیتنے کے لئے پر عزم ہیں تو مہمان ٹیم سیریز برابر کرنے کے لئے پرامید۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کھیلا جائےگا ۔آسٹریلیا کی ٹیم نےون ڈے سیریز میں گرین شرٹس کو کلین سوئپ کیا،پھر سائیڈ میچ اور پہلے ٹیسٹ میں کینگروز کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اسپن وکٹوں پر نہ تو آسٹریلیا کی بیٹنگ چلی اورنہ ہی بولرز کچھ کرسکے۔پاکستان نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں ہی شعبوں میں آسٹریلیا کو چت کردیا۔مائیکل کلارک کی ٹیم زخمی شیر کی طرح ابوظہبی میں پہلے ٹیسٹ کی شکست کا بدلا لینے کے لئے تیار ہےتو قومی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں سیریز دو صفر سے جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔اگر پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا کو شکست دے دی تو پاکستان ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت اور انگلینڈ کو پیچھے چھوڑ کر تیسرے نمبر پر پہنچ جائے گی۔