تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21

’اوول میچ کی مکمل انکوائری ہوگی‘

بی بی سی اردو - بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے جمعہ کو اوول میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین کھیلے گئے ایک روزہ میچ کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

اس میچ میں پاکستان نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو تیئیس رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے انگلینڈ کو فتح کے لیے دو سو بیالیس رن کا ہدف دیا تھا لیکن انگلینڈ کی پوری ٹیم چھیالیسویں اوور میں دو سو اٹھارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

سنیچر کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سترہ ستمبر کو ہونے والے میچ کے سلسلے میں آئی سی سی کو ایک برطانوی اخبار اور اس کے ذرائع سے معلومات ملی ہیں اور تنظیم کے خیال میں اس معاملے کی مکمل تفتیش ضروری ہے۔

آئی سی سی کے چیف ہارون لوگارٹ کا کہنا ہے کہ ’ایک ذریعے نے سن اخبار کو بتایا کہ اس میچ کے چند مخصوص مراحل پر ایک مخصوص طریقے سے سکور بنے گا اور یہ اطلاع درست ثابت ہوئی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ چنانچہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اس میچ کے حوالے سے مکمل انکوائری کی جائے اگرچہ اس موقع پر ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ کچھ گڑبڑ ہوئی ہے اور مکمل معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گی‘۔

ہارون لوگارٹ نے متعلقہ معلومات کی فراہمی اور تعاون پر برطانوی اخبار ’دی سن‘ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ’آئی سی سی کرکٹ میں رشوت ستانی کو کسی صورت میں برداشت نہیں کرے گی اور اگر کوئی کھلاڑی یا آفیشل کسی قسم کے غلط اقدامات کا مرتکب پایا گیا تو اسے ہمارے انسدادِ رشوت ستانی کوڈ کے تحت سخت سے سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا تاکہ اس کھیل کی ساکھ برقرار رہ سکے‘۔

خیال رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلی جا رہی کرکٹ سیریز کا کوئی میچ تنازع کا شکار ہوا ہے۔ اس سے قبل لارڈز میں تیسرے ٹیسٹ میچ میں مخصوص مواقع پر نو بال کروائے جانے کا سکینڈل سامنے آ چکا ہے جس کی تحقیقات سکاٹ لینڈ یارڈ کر رہی ہے۔

آئی سی سی نے لارڈز کے سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد پاکستان کے تین کھلاڑیوں سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف پر عارضی پابندی بھی عائد کی ہوئی ہے جبکہ ایک اور پاکستانی بالر وہاب ریاض سے بھی سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے برطانوی پولیس نے تفتیش کی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.