25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
پاکستان ویمنز ٹیم نے گولڈ میڈل جیت لیا
اردو ٹائمز - چین کے شہر گوانگ ژو میں جاری ایشین گیمز میں خواتین کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو دس وکٹوں سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔
یہ ان کھیلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے اور پہلی بار ہی کرکٹ کو ایشیائی کھیلوں میں شامل کیا گیا ہے۔
فائنل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر بانوے رنز بنا سکی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سلمٰی خاتون چوبیس رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں جبکہ پاکستان کی ندا ڈار نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان نے ندا ڈار اور جویریہ خان کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ ہدف سولہویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا۔
پاکستان کے وزیراعظم اور صدر نے طلائی تمغہ جیتنے پر پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
پاکستان نے سیمی فائنل میں جاپان کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ بنگلہ دیش نے چین کو ہرایا تھا۔جمعہ کو ہی کانسی کے تمغے کے لیے ہونے والے میچ میں جاپان نے چین کو سات وکٹوں سے شکست دی ہے۔