5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پارا چنار میں پیٹرولم مصنوعات کی شدید قلت،دگنی قیمت پر فروخت
جنگ نیوز -
پارا چنار…پاراچنار میں راستوں کی بندش کے باعث تیل کا ذخیرہ ختم ہوجانے کے باعث علاقے کے تمام پٹرول پمپ بند پڑے ہوئے ہیں، سڑکوں پر غیر معیاری پٹرول ایک سو پچاس روپے جبکہ ڈیزل ایک سو اسی روپے فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحد بند ہونے اور کرم ایجنسی پشاور میں شاہراہ پر دہشت گردوں کی کارروائیوں کے باعث علاقے میں تیل کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے۔ پٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ یکم جنوری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل ہے جس کے باعث علاقے کے تمام پٹرول پمپ بند کردئیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ضرورتمند لوگ سڑکوں پر قائم تیل کے غیرقانونی ڈپوز سے مہنگے دام غیر معیاری تیل خریدنے پرمجبور ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ڈیزل180 روپے جبکہ پٹرول 150 روپے فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے جس کے باعث ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھی دوگنا اضافہ کردیا ہے۔