تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

پنجاب کے عوام برسوں سے استحصالیوں کا نشانہ بن رہے ہیں، الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم ، پاکستان کو غیرملکی امداد اور بھیک کی بیساکھیوں سے نجات دلانا چاہتی ہے ۔تمام محب وطن قوتوں کو چاہئے کہ وہ پاکستان کی آزاد اور خودمختارپالیسیاں بنانے کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ نائن زیرو عزیزآباد میں گورنرپنجاب سردار لطیف کھوسہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پرایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹرفاروق ستار، رابطہ کمیٹی کے دیگر ارکان ،سینئر صوبائی وزیر پیرمظہرالحق اور صوبائی وزیرقانون ایاز سومرو بھی موجود تھے ۔ الطاف حسین نے گورنر پنجاب کو اپنی رہائش گاہ پر خوش آمدید کہا اور انہیں گورنر پنجاب کے منصب پر فائز ہونے کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے پنجاب میں امن وامان کی بہتری، اغواء برائے تاوان، خواتین کے ساتھ ظلم وناانصافیوں اوردیگر جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آپ سندھ اور پنجاب کے درمیان دوستی کا جو پیغام لیکر آئے ہیں اس میں ہمارا عمل وکردار آپ کودوقدم آگے نظرآئے گا۔ ایم کیوایم ، پاکستان کو غیرملکی امداد اور بھیک کی بیساکھیوں سے نجات دلانا چاہتی ہے ۔تمام محب وطن قوتوں کو چاہئے کہ وہ پاکستان کی آزاد اور خودمختارپالیسیاں بنانے کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں تاکہ وطن عزیز کو اس کے پیروں پر کھڑا کیا جاسکے۔ پاکستان کو اس کے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے جہاں عوام کومشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا وہیں حکمرانوں کو بھی اپنے غیرترقیاتی اخراجات میں کم ازکم 90 فیصد کمی کرکے حکومت کے ہرشعبہ میں کفایت شعاری اپنانا ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب سمیت ملک بھر کے عوام برسوں سے استحصالی قوتوں کے چنگل میں پھنسے ہوئے ہیں اور ان کے ظلم کا نشانہ بن رہے ہیں۔ غریب عوام مہنگائی ، بے روزگاری اوردیگر مسائل کاشکار ہیں اورہمیں مل جل کر ملک اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنی چاہئیں۔پنجاب میں غریبوں کی آواز سننے والا کوئی نہیں ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ ان غریبوں کیلئے گورنر ہاوٴس پنجاب کے دروازے کھلے رہیں گے۔ الطاف حسین نے صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے ملک کی بہتری کیلئے غیرترقیاتی اخراجات میں کمی کے اقدامات کو سراہا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔ گورنر پنجاب لطیف کھوسہ نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک اور قوم کیلئے آپ کی جدوجہد اور وژن ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور ہم پنجاب میں قانون کی حکمرانی اور جرائم کے خاتمہ کیلئے اپنا بھرپورکردارادا کریں گے ۔ہم آپ اور بے نظیربھٹو شہید کے مشن کو لیکر چلیں گے اور ایم کیوایم کے تعاون سے عوام کی عملی خدمت کریں گے۔حکومت ، پاکستان میں آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتی ہے اور ہم آئین اور قانون کے ذریعہ فرسودہ نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں اورآپ کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.