تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

بس اور آئل ٹینکر میں تصادم دردناک سانحہ ہے ، الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے نوری آباد کے قریب مسافربس اور آئل ٹینکر کے درمیان ہونیوالے ہولناک تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد کی ہلاکت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ انتہائی دردناک اور افسوسناک سانحہ ہے جس میں معصوم اور قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے جس پر پوری قوم غمزدہ ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ اس المناک سانحہ پر خصوصاً کراچی ، حیدرآباد ، سکھر ، نوشہرو فیروز، خیر پور ، گھوٹکی ، شکار پور اور سندھ کے دیگر علاقوں سمیت ہر درد مند دل رکھنے والی آنکھ اشکبار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ کو اس المناک سانحہ کا فوری نوٹس لینا چاہئے اور سوگوارلواحقین کی دلجوئی اور ان کے غم میں شرکت کیلئے پوری سندھ کابینہ کو جاں بحق افراد کے ورثاء کی دلجوئی اور اظہار ہمدردی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر بھیجنا چاہئے ۔ انہوں نے حق پرست منتخب نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ اس بد ترین سانحہ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو تسلی دیں ، ان کے دکھ میں شریک ہوں اور جاں بحق افراد کے گھرو ں پر جاکر میری جانب سے تعزیت اور افسوس کااظہار کریں ۔ الطاف حسین نے مسافر بس اور آئل ٹینکر کے تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے ایک ایک فرد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہلاک ہونے والے افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ دریں اثناء حادثے کی اطلاع ملتے ہی حق پرست رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ، حیدرآباد کے زونل انچارج محمد شریف، ایم کیوایم میڈیکل ایڈکمیٹی کے ڈاکٹرز، خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے رضاکار فوری طورپر جائے حادثہ پر پہنچے اس دوران انہوں نے جلتی ہوئی بس سے زخمیوں اور لاشوں کو باہر نکالا اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کی ایمبولینس کے ذریعے جامشورو اسپتال منتقل کیا اور زخمیوں کو علاج و معالجہ کے کراچی منتقل کیا۔ بعدازاں جامشورو اسپتال میں بھی ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے عملے نے زخمیوں کو علاج و معالجہ کی فراہمی کیلئے تمام تر اقدامات کئے ، لاشوں کی شناخت کیلئے کراچی ایدھی سینٹر منتقل کیا گیا ہے جہاں ایم کیوایم کے منتخب نمائندے اور کارکنان اور کے کے ایف کے رضا کاراور ایمبولنسیں لواحقین کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کیلئے موجود ہیں ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.