تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

قومی ایئرلائن ملازمین کی ہڑتال جاری،متعدد پروازیں منسوخ

جنگ نیوز -
کراچی...امریکا اوریورپ کے فضائی روٹس ترکش ایئر لائن کودیے جانے کے مجوزہ معاہدے کیخلاف اور ایم ڈی پی آئی اے کی برطرفی کیلئے پی آئی اے ملازمین کی نمائندہ تنظیموں کے اتحاد کی اپیل پرہڑتال اور ایم ڈی پی آئی اے کی برطرفی کیلئے احتجاجی مظاہرے دوسرے روز بھی جاری ہیں کئی ملکی و بین الاقوامی پروزایں منسوخ ہوگئیں۔قومی ائیرلائن اور ترکش ائیرلائن معاہدے کے خلاف پی آئی اے مظاہرین کا احتجاج شدت اختیار کرتا جارہا ہے ۔کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے تمام ائیرپورٹس پر ملازمین نے کام کرنے سے انکار کردیا ہے جبکہ ڈیوٹی کرنے کے خواہشمند عملے کو بھی روک دیا۔پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے بغیر کسی وجہ کے پائلٹوں کی برطرفی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔پی آئی اے ملازمین کی نمائندہ تنظیموں کے اتحادکی جانب سے ایم ڈی پی آئی اے کی فوری برطرفی کامطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔گزشتہ روز سے جاری احتجاج کے باعث چالیس سے زائدپروازیں منسوخ اور درجنوں تاخیر کا شکار ہیں , صرف کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اب تک سولہ فلائیٹس ملک و بین بین الاقوامی فلائٹس منسوخ ہوچکی ہیں۔قومی ائیرلائن سے بیرون اور اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے اور وہ بے سروسامانی کے عالم میں انتظامیہ کی لاپرواہی کا شکار ہیں ۔علی الصبح بے نظیر انٹرنیشنل ایر پورٹ اسلام آبادسے کراچی ،لاہور ،گلگت اور چترال جانے والی چار پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے ،ادھرپی آئی اے ذرائع کے مطابق کراچی سے سکھر جانے والی پی کے538 اور سکھر سے کراچی آنے والی پی کے539 کو منسوخ کردیا گیا۔دوسری جانب کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی کے3002 جبکہ اسلام آباد سے لاہور جانے والی پی کے385 بھی منسوخ کردی گئی۔اسی طرح انتظامیہ کو دمام سے اسلام آباد براستہ سیالکوٹ آنے والی پرواز پی کے246جبکہ ریاض سے لاہور براستہ پشاور آنے والی پرواز پی کے756 کو بھی منسوخ کرنا پڑیں۔لاہور سے کوئٹہ جانے والی پرواز پی کے323 جبکہ کوئٹہ سے لاہور آنے والی پرواز پی کے322 بھی منسوخ ہوگئی۔ لاہور سے دہلی جانے والی پرواز پی کے270 جبکہ دہلی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے271 بھی منسوخ کردی گئی۔پی آئی اے انتظامیہ سے کئی بار رابطہ کرنے کے باوجود موقف نہیں دیاجارہا۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.