تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع

جنگ نیوز -
اسلام آباد … ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔شمالی بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہورہی ہے، جبکہزیارت سمیت کئی مقامات پرشدید برف باری نے معمولات زندگی مفلوج کردیئے۔ وادی کوئٹہ اورشمالی بلوچستان کے علاقوں چمن، قلعہ عبداللہ، پشین ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی ، ژوب، شیرانی ، ہرنائی، موسیٰ خیل میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے،جس کے سبب پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ وادی کوئٹہ اور نوکنڈی میں آج صبح آٹھ بجے تک پندرہ ملی میٹر اور دالبندین میں انیس ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کوژک ٹاک، زیارت، کان مہترزئی، خانو زئی، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی سمیت بیشتر پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کاسلسلہ جاری ہے۔زیارت میں اب تک ایک فٹ برف پڑ چکی ہے، جس کے بعدزیارت شہرکا زمینی رابطہ منقطع ہوگیاہے جبکہ کوژک ٹاپ پر شدید برف باری کے بعد کوئٹہ چمن شاہراہ پر نیٹو سپلائی سمیت ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی ہے۔ملک کے بالائی علاقے سوات میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری جاری ہے۔گلگت شہر اور گردونواح میں بارش جبکہ اسکردو اورضلع ہنزہ نگر میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بالائی علاقوں میں کئی رابطہ سڑکیں بندہیں ۔مانسہرہ شہر اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش ہوئی ،مظفر آباد میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ وادئ نیلم کے ہیڈ کوارٹر اٹھ مقام میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مظفرآباد کا آٹھ مقام سے زمینی رابطہ بحال نہیں کیا جاسکا۔سرگودھا، منڈی بہاالدین میں بھی ہلکی بارش سے سر دی کی شد ت میں اضافہ ہو گیاہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.