5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ہرعہدہ اللہ کی دَین ہے، کوشش کی جائے کہ منہ کالا نہ ہو، بابراعوان
جنگ نیوز -
لاہور…وفاقی وزیر قانون بابر اعوان کا کہنا ہے کہ عہدے پر بیٹھے کسی شخص کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے۔ ہر عہدہ اللہ تعالیٰ کی دین اور عوام کی امانت ہے، کوشش کی جائے کہ منہ کالا نہ ہو۔وہ لاہور میں سپریم کورٹ بار کے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر قانون بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی عدالت یا انصاف کا ادارہ وکیل کے بغیر نہیں چل سکتا۔ ججز کی تقرریاں شفاف اورغیر سیاسی بنیادوں پر کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نچلی سطح پر پرائس کنٹرول سسٹم نہ ہونے سے مہنگائی بڑھی۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عوام کے مفاد میں قانون سازی کرنا ہو گی، جب بھی یہ کوشش کی گئی راستے میں رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو ریاست کے اندر ریاست بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔