5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریمنڈ ڈیوس کے مسئلے پر کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا،گورنر پنجاب
جنگ نیوز -
لاہور…گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ پاکستان آزاد ملک ہے، ریمنڈ ڈیوس کے مسئلے پر کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائیگا۔ یہ معاملہ آئین اور قانون کے مطابق حل ہوگا۔وہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنرلطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں اٹھارہویں ترمیم کے مطابق رائٹ سائزنگ کی گئی۔ نواز شریف کو اس پر اعتراض ہے تو ان سے پوچھیں۔ اس سے پہلے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ اگر آئین کی حکمرانی یقینی بنائی جاتی تو کسی طالع آزما کو بندوق کے زور پر آئین کا حلیہ بگاڑنے کی ہمت نہ ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی کوتاہیوں اور غفلت کی وجہ سے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے تصور کے قریب بھی نہیں پہنچ سکے۔