5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
اُسامہ بن لادن کے باورچی ابراہیم القوسی کی سزا میں12سال کی کمی
جنگ نیوز -
واشنگٹن . . . سی ایم ڈی. . . پینٹاگون نے القاعدہ رہنما اُسامہ بن لادن کے باورچی ،ڈرائیوراور باڈی گارڈابراہیم احمدمحمود القوسی کی سزا میں12سال کی کمی کرتے ہوئے اسے 14سے 2سال تک محدود کردیا ہے۔ ابراہیم القوسی کی سزا میں تخفیف ان کے اقبالِ جُرم کے بعد متوقع تھی جس کا باقاعدہ اعلان گذشتہ دنوں سامنے آیا ہے۔ 50سالہ سوڈانی نژاد ابراہیم القوسی کو دسمبر2011ء میں افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں ساڑھے 8سال تک بناء کسی کیس کے گوانتاموبے میں قید رکھا گیا۔ گذشتہ سال جولائی میں ابراہیم القوسی پر فردجرم عائد کی گئی اور اگست میں انہیں 14سال کی سزا سُنائی گئی تاہم ان کے اقبال جرم اوربراہِ راست دہشت گرد کاروائیوں میں ملوث نہ ہونے کے باعث سزا میں کمی کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔ اسی حوالے سے تازہ ترین پیشرفت کے مطابق گوانتا موبے کی جنگی جرائم کی عدالت نے چند شرائط عائد کرتے ہوئے ابراہیم القوسی کی سزا میں 12 سال کی کمی کردی ہے جس کے تحت انہیں اگلے سال رہا کردیا جائے گا۔