5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
چیچہ وطنی، روٹھی بیوی کو منانے کیلئے شوہر کی حکومت سے مدد کی اپیل
جنگ نیوز -
چیچہ وطنی…میاں بیوی میں لڑائی جھگڑا اور روٹھنا منانا تو لگا رہتا ہے لیکن اگر دونوں میں سے کوئی اتنا روٹھ جائے کہ اسے منانا مشکل ہوجائے تو وہ کیا کرے۔ ایسی ہی مشکل سے دوچار چیچہ وطنی کے ایک بوڑھے شخص نے روٹھی بیوی کو منانے کے لئے حکومت سے مدد طلب کرلی ہے ۔عوام حکومت سے مہنگائی ، بے روزگاری اور دیگر مسائل حل کرنے کے مطالبات کررہے ہیں ۔ لیکن چیچہ وطنی کے 51سالہ محمد فیض نے ان مسائل سے بالاتر ہوکر حکومت سے جس مسئلے پر مدد طلب کی وہ روٹھی بیوی کو منانے کا ہے ۔ فیض اور اس کی 49 سالہ بیوی ظہراں بھٹہ مزدور ہیں۔ محمد فیض کا کہنا ہے کہ چار ماہ پہلے چھوٹی سے بات پر ظہراں ناراض ہوگئی اور اسے گھر سے ہی نکال دیا ۔ اس نے کئی بار اپنی بیوی کو منانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں مانتی ۔ محمد فیض کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیوی سے جنون کی حد تک محبت کرتا ہے اور اسے کسی بھی صورت کھونا نہیں چاہتا ۔ بیوی نہ مانی تو وہ اپنی جان دے دے گا۔