5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مسلمان الله پر کامل ایمان رکھیں تو کوئی انھیں زیر نہ کرسکے گا،علامہ موسوی
جنگ نیوز -
راولپنڈی . . . . . قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اللہ پر کامل ایمان رکھتے ہوئے نمائندگان الہٰی کادامن مضبوطی سے تھام لے تو دنیا کی کوئی طاقت ا سے زیر نہیں کر سکتی ۔دنیائے کفر کتنی ہی ٹیکنالوجی اور طاقت حاصل کرلے یہ وعدہ خداوندی ہے کہ اسلام کو غالب آنا ہے ۔یہ بات انہوں نے جشن تاج پوشی اما م زمانہ و یوم مختار آل محمد کے موقع پر ” محفل عیدِ زہرا “ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ آج ہر سو دہشت گردی کا راج ہے اور خوف و ہراس کے مہیب سائے ہیں اور دنیا میں امن نام کی شے ناپید ہے ۔علامہ موسوی نے مزید کہا کہ مسلمان حکمران شیطانی قوتوں کے ایجنٹ کے طور پر کام کررہے ہیں جب ان قوتوں کو نیا ایجنٹ دستیاب ہوتا ہے تو وہ پچھلے کا صفایاکردیتی ہیں، اہل حق نہ پہلے کفر کی طاقت سے مرعوب ہوئے نہ آئندہ ہوں گے وہ وقت ضرور آئے گا جب نمائندہ الہی ظلم و جور سے بھری اس دنیا کو عدل و انصاف سے فراہم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ اسلام ظلم سے نہیں مظلومیت سے پھیلا ہے جو بھی مرکز اسلام سے روگردانی کرے گا ذلت و رسوائی اس کا مقدر ہے۔انھوں نے اس موقع پر سامرا عراق میں یوم شہادت امام حسن عسکری کے موقع پر زائرین پر خودکش حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہادت ہماری میراث ہے اور ابدی نجات کی ضامن ہے ۔عالمی استعماران اوچھے ہتھکنڈوں سے مسلمانوں کو اسلام اور مشاہیر اسلام سے ہر گز دور نہیں کر سکتا۔محفل سے ٹی این ایف جے کے ترجمان علامہ قمر حیدر زیدی ،مفتی باسم عبا س زاہری ،سید جون علی مشہدی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔