5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مصر کی پارلیمنٹ توڑدی گئی، آئین معطل،عبوری حکومت 6 ماہ رہے گی
جنگ نیوز -
قاہرہ…مصر میں جابرانہ اقتدار کے خاتمے کے بعد فوج نے پارلیمنٹ تحلیل کرکے آئین معطل کردیا ہے ۔ مصری فوج نے کم از کم اگلے چھ ماہ تک کیلئے ملک کی کمان اپنے پاس رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ ادھر قاہرہ کی آزادی چوک پر مظاہرین ابھی تک جمع ہیں جنھیں گھروں کو لوٹنے کیلئے فوج کے جوان منانے میں مصروف ہیں ۔مصر کے سرکاری ٹی وی کے مطابق اعلیٰ ملٹری کاؤنسل نے پارلیمنٹ توڑ کر آئین معطل کردیا ہے ۔ آئین میں ترامیم کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے ۔ اعلیٰ ملٹری کاؤنسل کم از کم اگلے چھ ماہ کیلئے ملکی معاملات خود چلائے گی ۔ امکان ہے کہ ستمبر میں طے شدہ صدارتی اور پارلیمانی انتخابات تک ملک کی باگ ڈور مصری فوج کے پاس ہی رہے ۔اعلیٰ فوجی کمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نئی حکومت کے قیام تک احمد شفیق وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہیں گے ۔ ملٹری کاؤنسل کے بیان میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ ان کا ملک عالمی سطح پر ہونیوالے سمجھوتوں اور وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائے گا ۔ حُسنی مبارک کے تیس سالہ دور اقتدار کے خاتمے کے بعد بھی دارالحکومت قاہرہ کے آزادی چوک پر مظاہرین جمع ہیں تاہم مصری فوج کے اہل کار بڑی حد تک کئی مظاہرین کو گھر لوٹنے پر راضی کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔