5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ڈاکٹر فاروق ستار نے ادیب ودانشور انور سجادکی عیادت کی
جنگ نیوز -
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے معروف ادیب ،دانشور اور افسانہ نگار ڈاکٹرانور سجاد کی علالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اوران کی رہائش گا ہ واقع لاہور جاکر عیاد ت کی اور قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے ان کی خیریت معلوم کی او ر انہیں گلدستہ پیش کیا ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے ڈاکٹر انور سجاد کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور ان کے لیئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔انہوں نے انور سجاد کو ایم کیوایم کے زیر اہتمام 10اپریل 2011ء کو مینار پاکستان پر ہونے والے تاریخی جلسہ عام کے بارے میں تفصیلات سے اگاہ کیا اور انہیں جلسہ میں شرکت کا دعوت بھی دی۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان وسیم آفتاب، واسع جلیل،رضا ہارون ،افتخار اکبر رندھاوا، سیف یار خان ،حق پرست سینٹر بابر غوری ،ایم کیوایم میڈیا سیل کے جوائنٹ انچارج قمر منصور اور لاہور زون کی زونل کمیٹی کے اراکین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔اس موقع پر انور سجاد نے قائد تحریک الطاف حسین کا خیریت دریافت کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔دریں اثناء حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بین الاقوامی شہرت یافتہ کرکٹر سرفراز نواز کی متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت حق پرستی کی تحریک کیلئے نیک شگون ہے اور ان ملک دشمن عناصر کیلئے لمحہ فکریہ ہے جو ایم کیوایم پر بے بنیاد ، جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگا کر اسکی ساکھ ملک بھر میں بالعموم پنجاب میں خراب کرتے رہے ہیں ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے اور فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ نظام کرپشن و لوٹ مار کے خاتمے کیلئے ملک بھر کے محب وطن عوام کو غریب و متوسط طبقے کے انقلاب کا پیغام دے رہی ہے اور ملک بھر سے جس طرح غریب و متوسط طبقے کے عوام نے جو امیدیں قائد تحریک الطاف حسین سے وابستہ کی ہوئی ہیں وہ امیدیں جلد پوری ہونگی ۔ انہوں نے کہاکہ سرفراز نواز کی متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت سے ان نام نہاد سیاسی ، مذہبی جماعتوں اور تانگہ پارٹیوں کی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف کئے جانے والے منفی اور جھوٹے پروپیگنڈے و الزامات کا سلسلہ بن ہوجانا چاہئے کیونکہ اب صرف ملک بھر کے عوام ہی نہیں بلکہ دنیا جان چکی ہے کہ ایم کیوایم ہی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو عملاً ملک بھر کے غریب و متوسط طبقے کے بنیادی حقوق کی جدوجہد کررہی ہے اور اس جدوجہد کی راہ میں اب کوئی رکاوٹ اور سازشی ہتھکنڈہ کامیاب نہیں ہوسکتا ۔ حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے بین الاقوامی شہرت یافتہ کرکٹر سرفراز نواز کی متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کا زبردست خیر مقدم کیا اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی ۔