5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
نئی دہلی: پاکستانی حکام کور احت فتح سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی
جنگ نیوز -
نئی دہلی … بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کو زیرحراست پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان سے ملاقات کرانے سے انکار کردیا ہے۔ راحت فتح علی خان کو گزشتہ شب نئی دہلی کے اندرا گاندھی ایئر پورٹ سے غیر قانونی طور پر غیر ملکی کرنسی لے جانے کے الزام میں بھارتی ریوینو انٹیلی جنس نے حراست میں لیا تھا،پاکستانی گلوکار راحت فتح علی سے ایک لاکھ24ہزار ڈالر برآمد ہوئے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام محمد الطاف، اکبر علی،عمران حیدر کو راحت فتح علی خان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ڈائریکٹوریٹ حکام کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی خان سے تفتیش مکمل ہونے تک پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جس پر وہ ملاقات کئے بغیر ہی واپس چلے گئے۔ پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ راحت فتح علی خان کا جرم معمولی نوعیت کا ہے۔ ادھر اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے راحت فتح علی کی رہائی کیلئے پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن شرت سبھروال سے رابطہ کیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے مطالبہ کیا کہ راحت فتح علی خان کی بھارت میں حفاظتی تحویل فوری ختم ہونی چاہیے۔ اس معاملے کی پیروی کے لیے دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ایک ٹیم بھی مقرر کردی ہے ، اورقائم مقام بھارتی سیکریٹری خارجہ سے بھی رابطہ کیا ۔