5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
شمالی و بالائی علاقوں میں برفباری، بارش، سڑکیں بند، سیاح پھنس گئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…آزاد کشمیر اور ملک کے شمالی و بالائی علاقوں میں برفباری اور بارشوں نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔اہم شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہوجانے سے مقامی افراد سمیت متعدد سیاح بھی مختلف علاقوں میں پھنس گئے ہیں۔ اسکردو کے نشیبی اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری ہے ضلع بھر میں موسم شدید سرد ہے اور معمولات زندگی معطل ہیں۔ برف کے باعث اسکردو راولپنڈی شاہراہ بند ہوگئی ہے اور مقامی مسافروں سمیت غیر ملکی سیاح بھی اسکردو میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ ضلع کے بالائی علاقے بھی زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث دیگر علاقوں سے کٹ گئے ہیں اور ان علاقوں میں غذا اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔غذر کے بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے ہونیوالی برف باری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہیں۔چلاس میں موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔برفانی تودہ گرنے سے شاہراہ قراقرم کوہستان کیال کے مقام پر بند ہوگئی ہے۔استور میں آج چوتھے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔متعدد سڑکیں کئی فٹ برف سے ڈھک جانے کے باعث مقامی افراد کے ساتھ سیاح بھی نشیبی اور بالائی علاقوں میں پھنس گئے ہیں۔مری میں چند دن کے وقفے کے بعد برف باری اور بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس نے پوری وادی کو برف سے ڈھک لیا ہے۔سیاح بھی دلکش مناظر اور برف سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔چمن سمیت شمالی بلوچستان کو موسلادھار بارشوں اور پہاڑی علاقوں کوژک ٹاپ،کان مہتر زئی ،توبہ اچکزئی،توبہ کاکڑی اور زیارت میں برف باری کے بعد سخت سردی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں برف باری اور بارش کا سلسلہ آج بھی وقفے وقفے سے جاری۔وادی کیل کے مختلف مقامات پر4 سے6 فٹ اور وادی نیلم کے ہیڈ کوارٹر اٹھ مقام میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔سرگن کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے ایک اسکول اور دو دکانیں تباہ ہوگئیں۔لینڈسلائڈنگ کے باعث دارالحکومت مظفرآباد کا اسلام آباد کے سوا دیگر تمام علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ادھر اندرون سندھ میں گزشتہ روز ہونیو الی بارشوں کے بعد آج نوابشاہ میں موسم ابر آلود ہے جبکہ لاڑکانہ،جیکب آباد اور دادو میں مطلع صاف ہے تاہم نشیبی علاقوں میں کھڑے پانی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔