5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ملک کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے شمالی وبالائی علاقوں میں سے بیشتر علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے جاری مسلسل بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کاامکان ہے۔ اسکردو اور گردونواح میں گزشتہ 4 روز سے پہاڑوں پر برفباری اور نشیبی علاقوں بارش کا مسلسل جاری رہنے والا سلسلہ رک گیا ہے۔ایبٹ آباد میں 4 روز سے جاری رہنے والا موسلا دھار بارش اور گلیات میں برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ تاہم برفباری کے باعث اب بھی گلیات کی تمام رابطہ سڑکیں اور ایبٹ آباد کو مری سے ملانے والی سڑک بند ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری کا یہ سلسلہ آج رات دوبارہ شروع ہوسکتا ہے۔ چھانگلہ گلی اور نتھیاگلی سمیت ایوبیہ میں ڈھائی سے تین فٹ برف کی تہہ جم جانے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔ ضلع مانسہرہ میں بارش جبکہ ناران اور کاغان میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ شاہراہ قراقرم پانچ مقامات پر بند ہوگئی ہے۔سوات میں بھی گزشتہ روز دن بھر جاری رہنے والا بارش اور مالم جبہ، کالام اور مرغزار میں برف باری کا سلسلہ رک گیا ہے۔ چترال میں گزشتہ دنوں مسلسل جاری رہنے والی برفباری کا سلسلہ رک گیا۔ مظفرآباد سمیت آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے جاری رہنے والی بارش اور برفباری کا سلسہ تھم گیا ہے۔ گزشتہ پانچ روز سے غذرکے بالائی علاقوں میں مسلسل برف باری جبکہ شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔شمالی بلوچستان میں موسم آج پھر ابر آلود ہے سردی کی شدت بھی برقرار ہے۔