5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
امریکا اور یورپ میں حسنی مبارک کے اثاثے منجمد کرنے کی درخواست
جنگ نیوز -
قاہرہ …مصری حکومت نے امریکا اور یورپ سے سابق صدر حسنی مبارک اور ان کے قریبی ساتھیوں کے اثاثے منجمد کرنے کی درخواست کردی ۔مصری حکومت نے امریکا کے ساتھ یورپی یونین کی تین بڑی طاقتوں برطانیہ ، جرمنی اور فرانس سے اثاثے منجمد کرنے کی درخواست کی ہے ۔ یورپی یونین کے وزرائے خزانہ آج اس درخواست پر کوئی فیصلہ کریں گے ۔ ادھر واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وہ مصری حکومت کی درخواست سے آگاہ نہیں ہیں لیکن اگر ایسی کوئی درخواست کی گئی تو اس پر مناسب کارروائی کی جائیگی ۔ اس سے پہلے سوئٹزرلینڈ حسنی مبارک کے اثاثے منجمد کر چکا ہے ۔ دوسری جانب حسنی مبارک کی صحت خراب ہونے اور کوما میں جانے کی اطلاعات مسلسل گردش کررہی ہیں۔ امریکا میں مصری سفیرصامح شُکری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ حسنی مبارک کی صحت خراب ہوسکتی ہے ۔ کسی حکومتی عہدے دار کی جانب سے حسنی مبارک کی صحت کے بارے میں یہ پہلا تبصرہ ہے ۔