5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بالائی علاقوں میں برفباری رک گئی، شاہراہ قراقرم کھول دی گئی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری رک گئی ہے۔ تاہم کئی جگہوں پر رابطہ سڑکیں مسلسل بند ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔اسکردو، استور اور گردونواح میں گزشتہ4 روز سے جاری برف باری اور بارش کا سلسلہ تھم گیا ہے ۔ بالائی علاقوں کی تمام رابطہ سڑکیں بند ہیں ۔تاہم غذرکے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ شہر میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔ایبٹ آباد اور گلیات میں بارش و برف باری رک گئی ہے ۔ گلیات کی تمام رابطہ سڑکیں اور ایبٹ آباد کو مری سے ملانے والی سڑک بند ہے۔چھانگلہ گلی ، نتھیاگلی اور ایوبیہ میں ڈھائی سے تین فٹ برف کی تہہ جمنے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔ ضلع مانسہرہ میں بارش جبکہ ناران اور کاغان میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جنرل منیجر مکیش کمار کے مطابق4 روز سے بند شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہے ۔سوات ، مالم جبہ ، کالام ، مرغزار ، چترال ، اور مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ رک گیا ہے۔ شمالی بلوچستان میں موسم آج پھر ابر آلود ہے سردی کی شدت بھی برقرار ہے۔