5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ملازمین کو ہر ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی،ایم ڈی پی آئی اے
جنگ نیوز -
کراچی…سید منہاج الرب…پی آئی اے کے ایم ڈی ندیم خان یوسف زئی نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن کو منافع بخش بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے جو کارکنوں کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے،ہم ایوی ایشن انڈسٹری میں مقابلہ بازی کی جاری فضاء سے خوفزدہ نہیں اور انشا ء الله کامیابی حاصل کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی آف پی آئی اے ملازمین سیملاقات کے دوران کیا،اس موقع پر انھوں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کو انتظامیہ کی جانب سے اپنے تعاون کایقین دلایااورکہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کارپوریشن کے ملازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرے گی اور ان کی کارکردگی کا جائزہ خالص میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کیلئے ہاؤسنگ اسکیم جاری رہے گی،انکے بچوں کی تعلیم کیلئے ایجوکیشن لاؤنس کی مد میں سبسڈی ، کار اور موٹر سائیکل کے قرضہ جات آسان اقساط پر فراہم کئے جائیں گے۔پی آئی اے ضرورت مند ملازمین کو کیس ٹو کیس کی بنیاد پر شادی الاؤنس بھی دے گی اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹور پر خریداری کیلئے یوٹیلٹی کریڈٹ الاؤنس بھی فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے فاؤنڈیشن کا قیام ایک دیرینہ خواب تھاجس سے خاص طور پر پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین استفادہ کر سکیں گے۔اس پروجیکٹ پر جلد کام شروع کردیا جائے گا۔اس موقع پرجوائنٹ ایکشن کمیٹیبرائے پی آئی اے ملازمین کے کنوینئر اور پالپا کے صدر کیپٹن سہیل بلوچ نے نئیایم ڈی کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے پائلٹس کی تنخواہ میں سے کچھ حصہ ایئر لائن کے گروپ 1 سے 4 کے ملازمین کو دینے کا اعلان کیا۔