5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ریلوے ملازمین کو تنخواہوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے،حق پرست اراکین اسمبلی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے پاکستان ریلوے کے غریب محنت کش ملازمین کو تاحال تنخواہوں کی عدم ادائیگی پرگہری تشویش کااظہارکیاہے اورمطالبہ کیاہے کہ ریلوے کے غریب محنت کش ملازمین کوفی الفورتنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔اپنے مشترکہ بیان میں حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے کہاکہ ریلوے حکام کی کرپشن،ہٹ دھرمی اوراناپرستی نے پاکستان ریلوے جیسے منافہ بخش ادارے کو تباہی کے دہانے پرپہنچادیاہے ،اعلیٰ حکام کی کرپشن ،ہٹ دھرمی اوراناپرستی نے متعددٹرینوں کوبندکردیا ہے،سینکڑوں معمولی خراب انجن کچرے کاڈھیربن چکے ہیں جبکہ ادارے کے غریب محنت کش ملازمین تاحال تنخواہوں کی عدم ادائیگی پرسرپاء احتجاج ہیں،ان کی روزمرہ کے معاملات بری طرح متاثرہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی ،غربت اوربے روزگاری نے پہلے ہی غریب عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے جبکہ پاکستان ریلوے کے ملازمین تاحال تنخواہوں سے محروم ہیں اورملازمین اوران کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت پہنچ چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک جانب ریلوے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہوکراحتجاج پرمجبورہیں جبکہ دوسری جانب ادارے کے پاس ڈیزل خریدنے تک کے پیسے نہیں ہیں جوادارے کے دیوالیہ ہونے کاواضح ثبوت ہے اورملک بھرکے عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے صدرآصف علی زرداری ،وزیراعظم سیدیوسف رضاگیلانی سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان ریلوے میں ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی ہنگامی بنیادوں پراقدامات کیے جائیں اورادارے کوکرپشن ،ہٹ دھرمی اوراناپرستی میں ملوث انتظامیہ سے نجات دلائی جائے۔