تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ملک کے بالائی علاقوں میں موسم کی شدت برقرار ،رابطہ سڑکیں تاحال بند

جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں موسم کی شدت برقرار ہے کئی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے بند ہونے والی رابطہ سڑکیں نہیں کھولی جاسکیں جس کے باعث لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔اسکردو اور گردونواح میں موسم صاف ہے لیکن سردی کی شدت بدستور برقرار ہے۔ حالیہ برف باری کے بعد بالائی علاقوں کے راستے بحال نہیں ہوسکے جس کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا ہے۔گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں غذر ، استور اور گلگت میں موسم سرد ہے۔ایبٹ آباد اور گلیات میں برف باری کے بعد تمام رابطہ سڑکیں اور ایبٹ آباد کو مری سے ملانے والی سڑک بند ہے۔ناران اور کاغان میں بھی موسم بدستور سرد اوربرف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہیں۔گذشتہ رات آزاد کشمیر کے اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں شروع ہونے والی ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا دوسری جانب رابطہ سڑکوں کی بندش سے لوگوں کی مشکلات برقرار ہیں۔ حالیہ برف باری کے بعد بحرین اور کالام کی سڑک اب تک نہیں کھولی جاسکی اور وادئ کالام کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔شمالی بلوچستان کے علاقوں چمن، کان مہترزئی، توبہ کاڑکی سمیت متعدد علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ سے موسمی بیماریوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.