5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
عراق میں تباہ کن ہتھیاروں کی خبر دینے والا انجینئر جھوٹا نکلا
جنگ نیوز -
لندن…عراق میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی خبر دینے والا مبینہ کیمیکل انجینئر جھوٹا نکلا،ایک برطانوی اخبار سے بات کرتے ہوئے اس نے اعتراف کیا کہ ڈبلیو ایم ڈی کی خبر صدام حسین کو ہٹانے کے لیے دی تھی۔عراق کے منحرف سائنسدان رافض احمد علوان الجنابی نے اخبار گارڈین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نے سابق صدر صدام حسین سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے عراق میں حیاتیاتی ہتھیار موجود ہونے کا شوشہ چھوڑا تھا،مبینہ کیمیکل انجینئر کا کہنا تھا کہ اسے اس بات کا موقع دیا گیا کہ وہ صدام حسین کی حکومت گرانے کے لیے ان کے خلاف افواہ پھیلائے۔رافض احمد نے کہا کہ اسے اور اس کی اولاد کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ عراق میں جمہوریت لانے کا سبب بنے اور اپنے ملک کے لیے کچھ کیا۔رافض احمد کا کہنا تھا کہ اس نے جرمن سیکرٹ سروس کو آگاہ کیا تھا کہ عراق کے پاس حیاتیاتی ہتھیاروں سے لدے ٹرک اور فیکٹریاں ہیں،بعد میں امریکا نے اسے عراق پر حملے کے لیے اہم جواز کے طور پر استعمال کیا۔