تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ریمنڈ ڈیوس مسئلہ پاکستان کی عزت و وقار کا مسئلہ بن چکا، شاہ محمود قریشی

جنگ نیوز -
اسلام آباد…سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کا مسئلہ قوم کی عزت و وقار کا مسئلہ بن چکا ہے،اللہ ہمیں سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ دے۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی سینیٹر جان کیری سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جان کیری پاکستان کے دوست ہیں، پاکستان کے بارے میں اچھی رائے رکھتے ہیں،گذشتہ روز ہونیوالی انکی پریس کانفرنس میں انکے لہجے میں فرق تھا، جو ہونا بھی چاہیے،میں نے سینیٹر جان کیری سے ملاقات ان کی خواہش پر کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان کے وقار کو اولیت دی،قوم کی عزت و نفس سب سے افضل ہے، میرا کردار آپ کے سامنے ہے،تین سال پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو وسعت اور گہرائی دینے کیلئے کوششیں کیں، پاکستان اور امریکا کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے، پاکستان نے جو جانی اور مالی قربانیاں کیں، وہ کسی سے پوشیدہ نہیں، خود کش حملے برداشت کئے، معیشت اور سرمایہ کاری کی حالت سامنے ہے، امریکا کو اس کا احساس ہونا چاہیے، میں نے کوشش کی کہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے ذریعے اس کو وسعت دی جائے، میں نے چاہا کہ یہ ڈائیلاگ معنی خیز اور نتیجہ خیز ہوں، میں نے ہلیری کلنٹن اور رچرڈ ہالبروک سے یہی باتیں دہرائیں، انہوں نے میری بات سے اتفاق کیا اور میری تجاویز کی بنیاد پر ڈائیلاگ کو وسعت دی، میں نے کہا کہ جب پاکستان کا وزیرخارجہ آتا ہے تو امریکی نائب وزیر خارجہ کیوں بیٹھتا ہے، میری تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے یہ ڈائیلاگ برابری کی بنیاد پر کئے گئے، پاکستان کے عوام نے دیکھا کہ پچھلے سال پاک امریکا اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کی تین نشستیں ہوئیں، انہوں نے کہا کہ میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں پہلی بار میں نے پاکستان، افغانستان اور امریکا کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کی تجویز پیش کی جو قبول کی گئی، پاک افغان تعلقات میں تناوٴ تھا، آج تین سال بعد پاکستان اور افغانستان میں عمدہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک آگے بڑھ رہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.