5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بحرین نے ایران کو’نمبر ون سیکیورٹی خطرہ‘ قرار دیا تھا، وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی…بحرین میں شاہی حکومت کیخلاف مظاہروں میں جیسے جیسے تیزی آرہی ہے، وکی لیکس کی جانب سے خفیہ امریکی دستاویزات کی اشاعت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ دو ہزار آٹھ میں بحرین نے ایران کو نمبر ون سیکیورٹی خطرہ قرار دیا تھا ۔سترہ اپریل دو ہزار آٹھ کو مناما میں امریکی سفیر ایڈم ایریلی نے وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کو واشنگٹن مراسلہ بھیجا جس میں امریکی سفیر نے لکھا کہ مناما میں سفارت خانہ آپ کو دوبارہ بحرین میں خوش آمدید کہتا ہے ۔ اس مراسلے کا مقصد امریکا اور بحرین کے درمیان ہر معاملے پر اچھے تعلقات اور تعاون پر نظر ثانی ہے ۔ امریکی سفیر ایڈم ایریلی نے ہلیری کلنٹن کو بتایا کہ شاہ حماد اور شیخ خالد آپ کی آمد کے منتظر ہیں ۔ امریکی سفیر نے بتایا کہ بحرینی قیادت ایران کے معاملے پر امریکا کے سخت موقف کی بھرپور حامی ہے ۔ بحرین کی قیادت ایران کو سیکیورٹی خدشے کے طور پر نمبر ون درجہ دیتی ہے ۔ امریکی سفیر کے مطابق بحرینی قیادت کا خیال ہے کہ ایران خطے میں اپنی انتہا پسند سوچ حاوی کرنے کی مہم چلارہا ہے جس سے نمٹنا ضروری ہے ۔ مراسلے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بحرین جلد سے جلد اپنا دفاعی صلاحیت بڑھانا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں خواہشمند ہے کہ تین میں سے ایک پیٹریاٹ میزائل نظام امریکا فراہم کرے۔