5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری رک گئی،لواری ٹنل کھول دی گئی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے،تاہم کئی علاقوں کی رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع نہیں ہوسکاجس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مری میں گزشتہ روز ہلکی اور تیز برفباری کا سلسلہ جاری رہااوریہاں موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاحوں کا رش بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ پانی فراہم کرنے والے پائپ لائینوں میں پانی جم جانے کی وجہ سے صبح سویرے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں تین روز سے برفباری جاری رہی جس کے بعد متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں ۔ ابھی تک سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ برف باری کے باعث ایک ہفتے سے بند لواری ٹنل کو ہلکی ٹریفک کے لئے کھول دیاگیا ہے۔سوات میں دو روز قبل ہونے والی بارش اوربالائی علاقوں میں برف باری کے بعد سردی کی شدت بدستور برقرار ہے ۔ضلع بھر میں بارشوں اور برف باری کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ۔گلگت بلتستان کے علاقوں اسکردواور استور میں موسم صاف جبکہ گلگت اور ہنزہ نگر میں مطلع ابر آلود ہے۔مظفر آباد میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے۔شاہراہ نیلم کو جورا تک چھوٹی گاڑیوں کے لئے کھول دیاگیا ہے۔