5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
اوباما انتظامیہ نے وکی لیکس بند کرنے کیلئے دباوٴ نہیں ڈالا،ہلیری کلنٹن
جنگ نیوز -
کراچی…امریکا کی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے ایک بار پھر کہا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے نجی کمپنیوں پر وکی لیکس کی سروس بند کرنے کیلئے دباؤ نہیں ڈالا تاہم اپنے خیالات اور نظریات کے اظہار کیلئے ایک حد متعین ہے ۔ واشنگٹن میں جارج واشنگٹن یونی ورسٹی میں انٹرنیٹ فریڈم پر خطاب کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے کہا کہ بعض نجی کمپنیوں نے اگر وکی لیکس کو اپنی سروسز دینے انکار کیا ہے تو وہ اوباما انتظامیہ کی تجویز یا احکامات پر نہیں بلکہ اپنی ذاتی پالیسیوں کو مدنظر رکھ کر ایسا کیا ۔۔ امریکی خارجہ نے واضح کیا کہ امریکی کمپنیوں بالخصوص امیزون ، ماسٹر کارڈ ، ویزا ، پے پال کمپنیوں کو حکومت کی طرف سے کوئی احکامات نہیں دیے گئے ۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے وکی لیکس کا معاملہ اقدام چوری ہے ۔ سرکاری دستاویزات بالکل ایسے چرائی گئیں جیسے انھیں بریف کیس میں رکھ کر اسمگل کیا گیا ہو ۔۔ انھوں نے کہا کہ وکی لیکس نے خفیہ سرکاری دستاویزات جاری کرکے کئی افراد کی زندگیوں کو خطرے کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے ۔