5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مائیکروسوفٹ نے سیلاب زدگان کیلئے50لاکھ ڈالر عطیہ کئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…امریکی چیمبر آف کامرس نے مائیکروسوفٹ کوپاکستان کے سیلاب متاثرین کی امدادکرنے والا نمایاں ترین کارپوریٹ ڈونر تسلیم کیاہے ۔ مائیکروسوفٹ نے 50لاکھ ڈالر کی خطیر رقم سیلاب زدگان کیلئے عطیہ کی۔ مائیکروسوفٹ کے ساتھ کوکاکولا، جنرل الیکٹرک اور پروکٹر اینڈ گیمبل بھی نمایاں عطیہ کنندگان میں شامل ہیں۔ مائیکروسوفٹ کی جانب سے 9لاکھ ڈالر نقد اور 38لاکھ ڈالرمالیت کے سوفٹ ویئر امدادی کام کرنیوالی تنظیموں کو دیے گئے۔ 9 لاکھ ڈالر ایگل ڈیزاسٹر مینجمنٹ رسپونس سوفٹ ویئر پیکیج کی شکل میں دیئے گئے جبکہ دو لاکھ 20ہزار ڈالر کمیونٹی یوتھ افیئر ڈویژن کی جانب سے پنجاب یوتھ کونسل والنٹیئر پروگرام کو دیئے گئے۔ اس سلسلے میں مائیکروسوفٹ کے کنٹری منیجر کمال احمد نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور انکی کابینہ کے سامنے5لاکھ ڈالر مالیت کی اسٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی رسپانس سسٹم کا تعارف کرایا جو مائیکروسوفٹ گولڈ پارٹنر جیوڈان کی تیار کردہ ہے۔اس رسپونس سسٹم کے تحت تیکنیکی عملے نے پنجاب حکومت کے ریلیف ورکرز کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے تربیت بھی دی ، اس کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کاموں میں مصروف این جی اوز کو سوفٹ ویئرز اور کمپیوٹرز کے عطیات بھی دیئے۔ امریکی تنظیم سیو دی چلڈرن کے کنٹری ہیڈ ڈیوڈ رائٹ نے سیلاب زدگان کیلئے مائیکروسوفٹ کی امداد کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سے کئی ماہ کی مسلسل تعاون پر شکرگزار ہیں۔